مشرقِ وسطیٰ سے رسد میں خلل کے خدشات کم: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت گر گئی
لندن:عالمی منڈی میں بدھ کو تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے عمان کے راستے اضافی خام تیل کی کھیپ کی پیشکش کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی رسد میں خلل سے متعلق خدشات میں کمی آئی ہے، تاہم یورپ میں ڈیزل کی قیمتیں ریکارڈ بلند سطح کے قریب رہیں۔
روئٹرز کے مطابق بدھ کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے کاروبار کے حوالے سے اس خبر کے سامنے آنے کے بعد اس کی قیمت ایک ڈالر 30 سینٹ، یعنی 1.2 فیصد کم ہو کر 107.45 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت ایک ڈالر 96 سینٹ، یعنی 1.85 فیصد کمی کے ساتھ 103.87 ڈالر فی بیرل رہی۔
اس سے ایک روز قبل تیل کی قیمتوں میں تین ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوا تھا۔ شپنگ انڈسٹری سے وابستہ ذرائع نے بتایا تھا کہ سعودی عرب کی بحیرۂ احمر کی اہم برآمدی بندرگاہ ینبع سے خام تیل کی لوڈنگ معطل کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریاض نے یورپی صارفین کے لیے خام تیل کی کچھ کھیپوں کی ترسیل بھی منسوخ کر دی تھی۔ اس کے بعد اُن خدشات میں اضافہ ہوا تھا کہ تیل کی ایک اہم برآمدی گزرگاہ میں پیدا ہونے والی رکاوٹ کئی ہفتوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔
PNP
Comments are closed.