ایران میں انڈا اچانک اتنا خاص کیوں ہوگیا؟،ماجرا کیا ہے؟
ایران میں ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک منفرد ٹرینڈ تیزی سے توجہ حاصل کر رہا ہے، جہاں صارفین اپنی تصاویر اور ویڈیوز میں انڈوں کو نمایاں کر رہے ہیں۔ عام طور پر لوگ مشہور شخصیات یا خاص مقامات کے ساتھ تصاویر بناتے ہیں، تاہم ایرانی صارفین نے انڈے کو ہی اپنی تصاویر کا مرکز بنا لیا ہے۔
اس غیر معمولی رجحان کے پیچھے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق روزمرہ استعمال کی عام غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے باعث انڈا بھی بہت سے لوگوں کے لیے پہلے کی نسبت مہنگی چیز بن گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی شہری انڈوں کے ساتھ بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شیئر کر رہے ہیں۔ اس رجحان کو بعض حلقوں کی جانب سے بڑھتی قیمتوں اور معاشی مشکلات کے خلاف طنزیہ اور علامتی احتجاج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت تہران میں ایک انڈے کی قیمت تقریباً 4600 سے 8000 تومان کے درمیان پہنچ چکی ہے۔ بنیادی اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری سامان کی قیمتوں میں اضافے نے بھی ایرانی خاندانوں کے ماہانہ بجٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
ایرانی معیشت پر دباؤ میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کو بھی ایک اہم عامل قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی صورتحال کی شدت کو واضح کرنے کے لیے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے ایک مشیر نے حال ہی میں بچوں کے ڈائپرز کی قیمت 8 لاکھ 60 ہزار تومان تک پہنچنے کی مثال دی تھی۔
مہنگائی کے خلاف احتجاج کے لیے ایرانی سوشل میڈیا صارفین نے روایتی نعروں کے بجائے طنزیہ انداز اختیار کیا اور انڈے کو ہی ایک طرح کی ’مشہور شخصیت‘ بنا دیا۔
یوں ایک عام گھریلو غذا مہنگائی کے خلاف سوشل میڈیا پر اظہارِ احتجاج کی علامت بن گئی ہے۔
PNP
Comments are closed.