by Rao Imran Suleman
Rao Nama

محمد عامر تجربے کار بولر ہیں، انہیں کم رہنمائی کی ضرورت ہو گی: عرفان پٹھان

— فائل فوٹو 

سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) میں پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کے انتخاب سے لاتعلقی ظاہر کر دی۔

محمد عامر کو قندھار واریئرز نے پلا ٹینم کیٹیگری میں پہلی پک میں اسکواڈ کا حصہ بنایا۔

عرفان پٹھان قندھار واریئرز کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں، اس لیے حالیہ ایک انٹرویو کے دوران ان سے محمد عامر اور انگلینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹائمل ملز کے انتخاب کے بارے میں سوال پوچھا گیا۔

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے عرفان پٹھان نے کہا کہ جہاں تک کھلاڑیوں کے انتخاب کی بات ہے، تو اس میں میرا کوئی کردار نہیں ہے، میری ذمے داری صرف  برانڈ ایمبیسیڈر کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کے انتخاب اور انتظامی فیصلوں میں کپتان راشد خان کو مکمل اختیار دیا گیا ہے، ان معاملات کو ٹیم کی قیادت اور کوچنگ اسٹاف سنبھالتا ہے۔

عرفان پٹھان نے کہا کہ اگر ٹیم انتظامیہ مجھ سے مشورہ طلب کرے گی تو میں ضرور اپنی خدمات پیش کروں گا، تاہم میری بنیادی توجہ افغانستان کے نوجوان بولرز، بیٹرز اور دیگر کرکٹرز کی رہنمائی پر ہوگی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ محمد عامر اور ٹائمل ملز تجربہ کار بولرز ہیں، اس لیے انہیں نسبتاً کم رہنمائی کی ضرورت ہوگی۔ 

قندھار واریئرز میں محمد عامر کے ساتھ افغانستان کے محمد نبی، انگلینڈ کے جو کلارک اور جنوبی افریقہ کے ڈوائن پریٹوریئس بھی شامل ہیں۔ 

افغانستان پریمیئر لیگ کا آغاز 27 دسمبر 2026ء سے شیڈول ہے۔



PNP

Comments are closed.