پنجاب بھر میں انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری
لاہور (پی این پی) پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیئے ہیں، جس میں لاہور،
ملتان اور بہاولپور بورڈ کے نتائج بھی شامل ہیں۔
لاہور بورڈ کے جاری کردہ نتائج کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 89 ہزار 373 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے ایک لاکھ 23 ہزار 60 طلبہ کامیاب قرار پائے۔ بورڈ کے مطابق کامیابی کی مجموعی شرح 64 فیصد سے زائد رہی۔
دوسری جانب تعلیمی بورڈ ملتان نے بھی انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ ملتان بورڈ کے مطابق امتحان میں 79 ہزار 796 امیدواروں نے شرکت کی، جبکہ 53 ہزار 489 امیدوار کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
ملتان بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 67.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
بہاولپور تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات میں مجموعی طور پر 60 ہزار 592 امیدوار شریک ہوئے۔ ان میں 48 ہزار 249 ریگولر جبکہ 12 ہزار 343 پرائیویٹ امیدوار شامل تھے۔
بہاولپور بورڈ کے مطابق کامیاب امیدواروں میں 31 ہزار 850 ریگولر اور 4 ہزار 454 پرائیویٹ طلبہ شامل ہیں۔ بورڈ کے نتائج کے مطابق مجموعی کامیابی کی شرح 59.92 فیصد رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق بہاولپور بورڈ کے ریگولر امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 66.01 فیصد جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی کامیابی کی شرح 36.09 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
PNP
Comments are closed.