by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی میں مبینہ غلط انجیکشن سے 10 سالہ بچہ جاں بحق، نجی کلینک انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

کراچی (پی این پی) نیو کراچی کے علاقے ایوب گوٹھ میں واقع ایک نجی کلینک میں مبینہ طور پر غلط انجیکشن لگنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔

واقعے کے بعد متوفی بچے کے گھر میں کہرام مچ گیا جبکہ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے 10 سالہ بچے کی شناخت عبد الاحد کے نام سے ہوئی ہے۔ ورثا اور متوفی کے والد کا کہنا ہے کہ بچے کو آج دوپہر بخار کی شکایت پر ایوب گوٹھ کے نجی کلینک لایا گیا تھا، جہاں اسے ڈرپ لگائی گئی اور اس میں مبینہ طور پر غلط انجیکشن ملایا گیا۔والد کے مطابق انجیکشن لگتے ہی بچے کی حالت انتہائی غیر ہو گئی، جس پر کلینک انتظامیہ نے ذمہ داری لینے کے بجائے ہدایت کی کہ بچے کو کسی دوسرے اسپتال لے جائیں۔

ورثا جب بچے کو دوسرے اسپتال لے کر پہنچے تو وہاں موجود ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی انتقال کر چکا ہے، لواحقین نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی واقعی وجہ جاننے کے لیے لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک حقائق سامنے آنے کے بعد کلینک انتظامیہ اور ذمہ دار ڈاکٹر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



PNP

Comments are closed.