by Rao Imran Suleman
Rao Nama

وزیراعظم شہباز شریف کی انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی امن سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 81واں عمومی مباحثہ 22 سے 28 ستمبر 2026 تک جاری ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی امن، ترقی اور تعاون کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی وابستگی کا بھی اظہار کیا اور سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت دیگر علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی گفتگو کی۔ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کا معاملہ بھی اٹھایا اور اس کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

افغانستان کی صورتحال بھی ملاقات کے ایجنڈے میں شامل رہی۔ دونوں رہنماؤں نے افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی میں اضافے سے متعلق خدشات پر تبادلہ خیال کیا۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی اہمیت کا اعتراف کیا۔

انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی خدمات اور اس حوالے سے ملک کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کو بھی سراہا۔

PNP

Comments are closed.