by Rao Imran Suleman
Rao Nama

احتجاج کے نام پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ یا ہتھیار اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی: شرجیل میمن

کراچی ( پی این پی ) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اگر احتجاج میں جلاؤ گھیراؤ یا ہتھیار اٹھانے کی کوشش کی جائے گی تو حکومت عوام کے تحفظ کے لیے کارروائی کرے گی، احتجاج کے نام پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ یا ہتھیار اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ 

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایسے کام کیے گئے ہیں جنہیں دنیا بھر میں پذیرائی ملی، پبلک پارٹنرشپ میں سندھ کی درجہ بندی دنیا کے ٹاپ 10 میں آ رہی ہے۔پیپلز پارٹی حکومت نے گزشتہ 18 سال میں بہترین کام کیے ہیں، صحت کے ادارے، ہاؤسنگ سکیمیں اور پبلک پرائیویٹ منصوبے بھی دنیا بھر میں تسلیم کیے جاتے ہیں۔

’’جنگ ‘‘ کے مطابق  سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادیٔ صحافت کے لیے کام کیا ہے، پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں، صحافی اور سیاسی جماعت ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تنقید برداشت کی ہے۔سندھ وژن کے حوالے سے بلاول بھٹو اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پہلے ہی بریفنگ دے چکے ہیں، محکمۂ اطلاعات نومبر میں سکھر اور تھرپارکر میں سندھ وژن پر کانفرنس کرنا چاہتا ہے جس میں پاکستان بھر کے صحافیوں کو مدعو کیا جائے گا، غیر ملکی صحافیوں کو بھی مدعو کر کے سندھ حکومت کے کام دکھائے جائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد چین جائے گا اور شنگھائی میں عالمی کانفرنس میں شرکت کرے گا جہاں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات ہو گی، پاکستان میں 3 سیاسی جماعتوں کی حکومت ہے اور معیشت مضبوط کرنے کے لیے صنعتی منصوبے اپنانا ہوں گے۔



PNP

Comments are closed.