by Rao Imran Suleman
Rao Nama

13 سالہ گھریلو ملازمہ کی مبینہ ہلاکت، پولیس افسر کی اہلیہ اور قاری گرفتار

فائل فوٹو 

اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں سینئر پولیس افسر کے گھر 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی مبینہ ہلاکت کے واقعے میں پولیس افسر کی اہلیہ اور بچوں کو دینی تعلیم دینے والے قاری کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گھریلو ملازمہ کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں درج کیا گیا ہے، جو لڑکی کے والد کی مدعیت میں درج ہوا، بچی کے والد اصغر علی کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزمہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا، جبکہ پولیس افسر کے گھر بچوں کو دینی تعلیم دینے کے لیے آنے والے قاری کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ابتدائی معائنے کے دوران 13 سالہ ملازمہ کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

مدعی مقدمہ بچی کے والد کا کہنا ہے کہ میری 13 سال کی بیٹی فاطمہ مدرسہ ٰ میں حفظِ قرآن کی تعلیم حاصل کر رہی تھی، بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا، آج اطلاع موصول ہوئی کہ میری بیٹی فوت ہو گئی ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ بیٹی کی رہائش سیکٹر ایچ الیون اسلام آباد میں تھی، بیٹی کی لاش کا معائنہ کیا تو جسم پر تشدد کے نشانات تھے، بیٹی کی موت کی وجوہات معلوم کی جائیں، بیٹی کا پوسٹ مارٹم کروا کر ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

پولیس افسر محمد بن اشرف کا کہنا ہے کہ ملازمہ ہمارے پاس کافی عرصے سے رہ رہی تھی، واقعے کے بعد ہم نے خود پولیس سے رابطہ کیا، اور قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا کہا، واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، میں ملک سے باہر تھا۔

محمد بن اشرف نے کہا کہ بچوں کو پڑھانے آنے والا قاری بھی بچی کو مارتا تھا۔



PNP

Comments are closed.