تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری، محکمہ موسمیات نے پیشگی خبردار کردیا
اسلام آباد(نیوز ڈ یسک) ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں آئندہ ایک سے تین گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، ٹیکسلا، مری اور گلیات میں تیز بارش ہوسکتی ہے، جبکہ پشاور میں بھی اگلے 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بھی بارش کی لپیٹ میں رہنے کی توقع ہے۔ چترال، دیر، باجوڑ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور سوات میں بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق کوہستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کرم، کوہاٹ، بنوں اور لکی مروت میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور انفراسٹرکچر، کچے مکانات اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
نوشہرہ، درگئی اور دیگر علاقوں میں بارش و ژالہ باری
دوسری جانب نوشہرہ میں موسلادھار بارش کے ساتھ مختلف مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جبکہ متعدد سڑکوں پر بھی پانی جمع ہوگیا۔
لوئر دیر اور اس کے گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملاکنڈ کی تحصیل درگئی سمیت مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری سے کئی مقامات پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پشاور میں وقفے وقفے سے بوندا باندی جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
PNP
Comments are closed.