نئے صوبوں اور ریفرنڈم کی بات غیر آئینی نہیں، پیپلز پارٹی اپنے مفادات کے مطابق آئین اور جمہوریت کی تشریح کرتی ہے، علی خورشیدی
کراچی(پی این پی) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما علی خورشیدی نے کہا ہے کہ صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی بات کرنا کوئی غیر آئینی عمل نہیں ہے، بلاول بھٹو زرداری کے بیان اور رویے کی مذمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی اپنے مفادات کے مطابق آئین اور جمہوریت کی تشریح کرتی ہے، خود کو فائدہ پہنچانے والے تمام اقدامات آئینی اور جمہوری بن جاتے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو بااختیار بنانے کی بات ہو تو سیاسی جماعتوں کو اپنی دکانیں بند ہونے کا خوف لاحق ہو جاتا ہے، بڑی سیاسی جماعتیں عام پاکستانیوں کے حقوق کی بات کیوں نہیں کرتیں، نئے انتظامی نظام کا مقصد عام شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، عوام کو بااختیار بنانے والے اقدامات سے براہ راست شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔پیپلز پارٹی نے پورے سندھ سے میئرز اور چیئرمینز کو بلا کر پریس کانفرنس کروا دی، کیا پیپلز پارٹی کے وزراء اور ترجمان کم پڑ گئے تھے جو بلدیاتی نمائندوں کو بلانا پڑا، پیپلز پارٹی کے وزراء اور ترجمان پہلے ہی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت نے پورے سندھ کا بیڑا غرق کر دیا ہے، پیپلز پارٹی نے بلدیاتی نمائندوں کو ویک اینڈ منانے کے لیے کراچی آنے کی سہولت دے دی، پیپلز پارٹی کے بلدیاتی نمائندوں نے اپنے دور میں باتوں کے علاوہ کیا کیا ہے۔
علی خورشیدی نے کہا کہ دریاؤں کے پانی کو آلودہ کرنے والے آج عوامی حقوق کی بات کر رہے ہیں، نئے انتظامی یونٹس کے مطالبے کو غداری سے کیسے تشبیہ دی جا سکتی ہے، انتظامی یونٹس کے مطالبے پر خونریزی کی دھمکیاں دینا قابل مذمت ہے، پنجاب میں نئے صوبوں کی بات ہوتی ہے تو وہاں خونریزی کی دھمکیاں نہیں دی جاتیں، لاہور اور فیصل آباد میں نئے صوبوں کے مطالبے پر کسی نے خونریزی کی بات نہیں کی، ایم کیو ایم پاکستان پیپلز پارٹی کے دھمکی آمیز رویے کی شدید مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے میئرز اور چیئرمینز اپنے مینڈیٹ کی حقیقت بتائیں، جعلی مینڈیٹ پر آنے والے بلدیاتی نمائندے کس حیثیت سے بات کر رہے ہیں، کراچی کے میئر کس طرح منتخب ہوئے یہ سب کو معلوم ہے، میئر کراچی کے انتخاب میں 30 سے 35 افراد اچانک ووٹ ڈالنے کہاں سے آ گئے تھے، کراچی سے اوباڑو تک عوام پیپلز پارٹی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، پیپلز پارٹی اپنی ناکامیوں پر بہانے بنانے کے بجائے جواب دے، پیپلز پارٹی 18 سال سے سندھ میں اقتدار میں ہے، عوام کو کیا دیا۔
علی خورشیدی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان عدم تشدد کی پالیسی پر اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی، ہماری بات بری لگتی ہے تو دھمکیاں دینے کے بجائے دلیل سے جواب دیں، حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور میرپورخاص کی صورتحال عوام کے سامنے ہے، حیدرآباد میں شہریوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے، دریائے سندھ کے کنارے آباد سکھر کے شہری بھی پینے کے پانی سے محروم ہیں، بنیادی مسائل کے باعث ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا، بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہونے کو ہے لیکن کارکردگی دکھانے کے لیے کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پورے سندھ سے چیئرمینز کو کراچی بلا کر پریس کانفرنس کرا دی، نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ اب صرف ایم کیو ایم نہیں بلکہ پورے پاکستان کا بیانیہ بن چکا ہے، نئے صوبوں کے مطالبے پر دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنے کے بجائے دلائل سے بات کی جائے، بڑی سیاسی جماعتوں کو خود جمہوری نظام پر کتنا اعتماد ہے، پنجاب اسمبلی نے 2012 میں نئے صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کی تھی، خیبرپختونخوا اسمبلی نے بھی 2014 میں نئے صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کی تھی، دونوں صوبائی اسمبلیوں میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قراردادیں منظور ہو چکی ہیں۔
علی خورشیدی نے کہا کہ آپ زیادتیاں کرتے رہیں گے اور ہم برداشت کرتے رہیں گے، اس حکومت نے ہمیں معاشی اور معاشرتی طور پر تباہ کر دیا ہے، ہمیں پہلے ہی معاشی اور معاشرتی مشکلات کا سامنا ہے، اب ہمیں دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، ہماری بات کسی کی ذات کے خلاف نہیں ہے، میرا سوال انتہائی سادہ اور واضح ہے، ایک سیاسی جماعت کی خواہش تھی کہ شہر میں دو لسانی اکائیاں آپس میں لڑیں، شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی خواہش پوری نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ایک محب وطن سیاسی جماعت ہے، سندھ کے شہری علاقوں میں ہمارا ووٹ بینک، مینڈیٹ اور سیاسی حصہ داری موجود ہے، ہم سندھ کے شہری علاقوں میں بدامنی کے متحمل نہیں ہو سکتے، امید ہے کہ تمام فریقین ہوش مندی سے کام لیں گے۔گزشتہ پانچ روز سے کہہ رہا ہوں کہ شہر میں کشیدگی نہیں ہونے دیں گے، گزشتہ روز پارٹی چیئرمین نے بھی واضح کیا کہ ایسی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہونے دیں گے، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے، آئندہ کے لائحہ عمل اور تاریخ کے اعلان کا اختیار پارٹی قیادت کے پاس ہے۔
PNP
Comments are closed.