اسرائیلیوں کی جان بچانے والے عرب مسلم شہری کا گھر بھی مسمار، املاک بلڈوزر کی نذر
اسرائیل میں 7 اکتوبر کے حملے کے دوران درجنوں اسرائیلی شہریوں کی جان بچانے والے عرب مسلم شہری یوسف الزیادنہ کی رہائش گاہ اور دیگر املاک بھی منہدم کر دی گئیں۔
اسرائیلی اور غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوسف الزیادنہ پیشے کے اعتبار سے منی بس ڈرائیور ہیں۔ انہوں نے 7 اکتوبر کے حملے کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک میوزک فیسٹیول سے تقریباً 30 اسرائیلی شہریوں کو بحفاظت نکالنے میں مدد کی تھی۔ اس انسانی خدمت پر انہیں اسرائیل میں اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی اسرائیل کے علاقے نقب میں کئی دہائیوں سے آباد یوسف الزیادنہ کے گھر، گودام اور پولٹری فارم کو مسمار کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران متعدد بلڈوزر استعمال کیے گئے۔ ان کے خاندان نے املاک کی ملکیت سے متعلق پرانے دستاویزات بھی پیش کیے، تاہم اس کے باوجود انہدام کی کارروائی نہ رک سکی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی اسرائیلی شہر رہاط کے قریب کی گئی۔ تاہم املاک گرانے کی وجوہات اور حکام کا مؤقف دستیاب معلومات میں واضح نہیں کیا گیا۔
اپنی اور خاندان کی املاک منہدم ہونے کے بعد یوسف الزیادنہ نے کہا کہ انہیں اسرائیلی شہریوں کی جان بچانے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔ ان کے بقول، ان کی پرورش دوسروں کی مدد کرنے کے جذبے کے ساتھ ہوئی ہے۔
PNP
Comments are closed.