غیر آئینی اقدامات پر تالیاں بجانے والوں کو سوچنا چاہیے، کل یہی وقت ان پر بھی آسکتا ہے، حلیم عادل شیخ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی غیر آئینی اقدامات پر تالیاں بجا رہی تھی، لیکن ایسا کرنے والوں کو سوچنا چاہیے کہ کل یہی وقت ان پر بھی آسکتا ہے۔
اپنے بیان میں حلیم عادل شیخ نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’دشمن مرے تے خوشی نہ کریے، سجناں وی مر جانا‘‘۔ 9 مئی، 8 فروری، 26 نومبر اور اب 11 اکتوبر کو بھی کہا جاتا ہے کہ پی ٹی آئی ختم ہوگئی، لیکن ہر غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کے باوجود پارٹی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ عمران خان لوگوں کے دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیں۔ ان کے بقول پارٹی کے قائدین اور سینکڑوں کارکن جیلوں میں قید ہیں، جبکہ کارکنوں کے گھروں پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کون سی زیادتی ہے جو پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں کی گئی؟
حلیم عادل شیخ نے سندھ ہائی کورٹ بار، کراچی بار اور انصاف لائرز فورم کے وکلا کا اہم معاملے پر آواز اٹھانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئین، قانون اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے وکلا اور پوری قوم کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔
PNP
Comments are closed.