by Rao Imran Suleman
Rao Nama

نجی اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا

پشاور (پی این پی) دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے المناک واقعے کے بعد پولیس نے اسکول کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے۔

حادثے میں 27 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص ایک ایجوکیشنل ٹرسٹ کے تحت نجی اسکول چلا رہا تھا۔ پولیس نے واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے اسکول مالک کو گرفتار کیا ہے۔

سی سی پی او کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اسکول کی عمارت کی تعمیر کمزور تھی، جس کے باعث چھت گرنے کا حادثہ پیش آیا۔ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔

دوسری جانب متاثرہ عمارت تک رسائی میں دشواری کے باعث امدادی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے بھاری مشینری کو جائے حادثہ تک پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق عمارت کی کمزور حالت کے پیش نظر بھاری مشینری استعمال کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے، جبکہ گلیوں کی تنگی بھی امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ ریسکیو اہلکار متاثرہ عمارت میں تلاش اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

PNP

Comments are closed.