برطانوی فوج کے سربراہ کا جنگ کے خطرے سے متعلق انتباہ
برطانوی فوج کے سربراہ جنرل سر رولی واکر نے ملک کو درپیش ممکنہ خطرات کے پیش نظر عوام کو جنگ اور قومی دفاع کے لیے تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت کو عوام کے ساتھ کھل کر بات کرنا ہوگی تاکہ وہ ملکی سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریوں اور ممکنہ قربانیوں کو سمجھ سکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، جنرل سر رولی واکر نے شمالی یارکشائر میں فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں قوم کو فوج کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاید انہیں اس بات کا اندازہ نہ ہو، لیکن ملک کو جلد ان کی خدمات درکار ہو سکتی ہیں۔
برطانوی فوج کے سربراہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملکی دفاع صرف مسلح افواج کی ذمہ داری نہیں، بلکہ ضرورت پڑنے پر شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ ان کے مطابق، سیاسی قیادت کو عوام کو قومی سلامتی کے تقاضوں اور ممکنہ قربانیوں سے آگاہ کرنا ہوگا۔
دوسری جانب، میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی وزیراعظم عوام میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کے لیے ایک نئی مہم شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس مہم کے تحت شہریوں کو جنگ، سیلاب، خشک سالی اور دیگر ممکنہ بحرانوں کے لیے پیشگی تیاری کی ترغیب دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق، ایک حالیہ سروے میں 48 فیصد برطانوی شہریوں نے جنگ میں حصہ لینے کی حمایت نہ کرنے کا اظہار کیا تھا۔ اس صورت حال میں فوجی قیادت کی جانب سے عوام کو دفاعی تیاریوں کے لیے آمادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔
برطانوی فوج کے سربراہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپ میں سلامتی کے خدشات اور ممکنہ فوجی خطرات کے تناظر میں دفاعی تیاریوں اور شہریوں کے کردار پر بحث جاری ہے۔
PNP
Comments are closed.