وِنی دی پوہ کی 100ویں سالگرہ پر اصلی ریچھ لائبریری پہنچ گیا، شہد کا مرتبان بھی چٹ کر گیا
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے میمتھ لیکس میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جہاں ایک ریچھ مشہور افسانوی کردار وِنی دی پوہ کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر مقامی لائبریری میں داخل ہوگیا اور وہاں موجود کھانے پینے کی اشیا کھا گیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریچھ بدھ کی صبح تقریباً 6 بجے لائبریری میں داخل ہوا۔ انتظامیہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ویڈیو میں ریچھ کو عمارت کے اندر گھومتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
لائبریری انتظامیہ کے مطابق ریچھ نے اندر داخل ہوتے ہی عملے کے لیے رکھی گئی کھانے پینے کی اشیا کا رخ کیا اور مونگ پھلی کے مکھن، بسکٹ اور شہد کے ایک مرتبان پر ہاتھ صاف کرلیا۔
اس واقعے کی خاص بات یہ تھی کہ یہ بچوں کے معروف افسانوی کردار وِنی دی پوہ کی پہلی بار منظرعام پر آنے کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر پیش آیا۔ وِنی دی پوہ اپنی شہد سے محبت کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔
کھانے پینے کی اشیا سے لطف اندوز ہونے کے بعد ریچھ کچھ دیر لائبریری کی الماریوں کے پاس گھومتا رہا اور پھر خود ہی باہر نکل گیا۔
لائبریری انتظامیہ نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ اس غیر معمولی مہمان کی آمد کے باوجود نہ کوئی کتاب خراب ہوئی اور نہ ہی الماریوں کو نقصان پہنچا، البتہ شہد کا مرتبان تاحال غائب ہے۔
PNP
Comments are closed.