کراچی(پی این پی)ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کیلئے قرضوں کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ فنانسنگ ڈیٹا کے مطابق سال 2026 کی دوسری سہ ماہی میں ایس ایم ایز کو فراہم کئے گئے قرضوں کا حجم 943 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کیلئے قرضوں کی فراہمی بڑھانے کی غرض سے فنانسنگ کا ہدف ڈیڑھ کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے، اس پیشرفت کو کاروباری شعبے کی مالی ضروریات پوری کرنے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں تک قرضوں کی رسائی بڑھانے کی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایس ایم ایز کے قرضوں میں بہتری کے ساتھ ان کا انفیکشن ریشو بھی نمایاں طور پر کم ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق انفیکشن ریشو 23 فیصد سے کم ہو کر 11.7 فیصد پر آ گیا ہے، جو قرضوں کی ادائیگی کے معیار میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے، چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کے نان پرفارمنگ لونز کا حجم 80 ارب سے 125 ارب روپے کی حد میں رہا۔
ماہرین کے مطابق ایس ایم ایز کیلئے قرضوں کی فراہمی میں اضافہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے، تاہم مقررہ فنانسنگ ہدف کے حصول کیلئے کاروباری اداروں کو آسان شرائط پر قرضوں کی دستیابی اور مالیاتی سہولتوں تک رسائی اہم ہوگی۔
PNP
Comments are closed.