by Rao Imran Suleman
Rao Nama

اولمپیئن زاہد شریف کی گھر و روزگار سے محرومی کے بعد حکام سے مدد کی اپیل

—فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا 

پاکستان کو ہاکی میں عالمی اعزازات دلوانے والے سابق اولمپیئن زاہد شریف نے شدید مالی مشکلات کے باعث حکومت سے مدد کی اپیل کر دی۔

زاہد شریف نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر 2015ء میں مجھے دل کا دورہ پڑا اور فالج کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث 2 سے 3 سال تک بستر سے اٹھنے کے قابل نہیں رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بیماری نے میری زندگی اور معاشی حالات کو بری طرح متاثر کیا، بیماری کے بعد میں نے ایک ریسٹورنٹ چلانے کی کوشش کی لیکن جسمانی مشکلات کے باعث میں کاروبار نہیں سنبھال سکا اور بھاری قرضوں کا سامنا کرنا پڑا، اب یہ صورتِ حال ہے کہ بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

زاہد شریف نے بتایا کہ میری ادویات پر ماہانہ تقریباً 10 سے 11 ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں، میرے لیے بچوں کی اسکول فیس ادا کرنا بھی مشکل ہے، جس کی وجہ سے بچے اسکول نہیں جاتے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے پنجاب اسپورٹس بورڈ کی جانب سے مجھے ماہانہ 35 ہزار روپے وظیفہ دیا جاتا تھا لیکن اب یہ ادائیگی بند کر دی گئی ہے۔

زاہد شریف نے بتایا کہ اکتوبر میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے دفتر جانے پر مجھے بتایا گیا کہ میرا وظیفہ ختم ہو چکا ہے۔

انہوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری، آرمی چیف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سمیت ملک کی اعلیٰ قیادت سے مدد کی اپیل کی ہے۔

زاہد شریف نے بالخصوص آرمی چیف سے درخواست کی کہ سابق کھلاڑیوں کی مشکلات کا نوٹس لیا جائے تاکہ ان کے قرضوں کی ادائیگی اور بچوں کے اخراجات پورے کرنے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے عروج کے زمانے میں بیرونِ ملک سے ملنے والی آفرز کے باوجود پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی کیونکہ مجھے اپنے ملک سے گہری محبت تھی۔

واضح رہے کہ زاہد شریف 1984ء میں قومی جونیئر ٹیم کا حصہ بنے، 1985ء کے جونیئر ورلڈ کپ میں کانسی کا تمغہ جیتا اور 1987ء سے جنوری 1992ء تک پاکستان کی سینئر ٹیم کی نمائندگی کی۔

وہ 1988ء کے سیؤل اولمپکس میں بھی پاکستان کی جانب سے کھیلے جہاں قومی ٹیم پانچویں نمبر پر رہی۔

زاہد شریف نے 1988ء کی چیمپئنز ٹرافی میں چاندی اور 1990ء کے ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتا۔



PNP

Comments are closed.