کولمبیا میں غیرقانونی سونے کی کان منہدم،14افراد ہلاک،7 زخمی
کولمبیا کے جنوب مغربی صوبے ناری میں غیرقانونی طور پر چلنے والی سونے کی کان منہدم ہونے سے کم از کم 14 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ حادثہ سانتا باربرا دے اِسکواندے کے دیہی علاقے چیمبیرو میں پیش آیا۔
حکام کے مطابق کان کے پاس کان کنی کا قانونی اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔ دشوار گزار جنگلاتی علاقے اور مسلح گروہوں کی موجودگی کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ بعد ازاں مقامی گورنر نے تلاش اور امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کی تصدیق کردی۔
رپورٹس کے مطابق چند ماہ کے دوران صوبے میں کان منہدم ہونے کا یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل اگست میں پولیکارپا کے علاقے میں ایک اور کان بیٹھنے کے واقعے میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
حکام نے غیرقانونی کان کنی کو باقاعدہ نظام کے تحت لانے اور حفاظتی انتظامات بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔ کولمبیا میں غیرمنظم سونے کی کان کنی ایک بڑا مسئلہ ہے، جہاں دور دراز علاقوں میں متعدد کانیں مناسب حفاظتی اقدامات اور سرکاری نگرانی کے بغیر چلائی جاتی ہیں، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
PNP
Comments are closed.