by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ملک میں سردیوں کی آمد کب ہوگی؟ شدید سردی کا دورانیہ 50 روز تک محدود ہونے کا انکشاف

کراچی(پی این پی)ملک کے مختلف علاقوں میں سردیوں کی آمد کے اوقات میں تبدیلی اور شدید سردی کے دورانیے میں کمی کے رجحانات سامنے آئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق عالمی حدت، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج اور فضائی گردش کے نظام میں تبدیلیوں کے باعث موسمی معمولات متاثر ہورہے ہیں، جس سے سردی دیر سے شروع ہونے اور شدید سرد موسم کا دورانیہ کم ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں سردیوں کا عمومی موسم 15 نومبر سے 15 مارچ تک رہتا ہے، تاہم کراچی میں سردی کا آغاز عموماً دسمبر کے وسط سے ہوتا ہے، جبکہ جنوری کے ابتدائی دس روز سرد ترین دنوں میں شمار ہوتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہواؤں کی بندش اور مغربی سمت سے ہوائیں چلنے کے باعث گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے۔ شہر میں گرمی مزید 8 سے 9 روز جاری رہنے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ بارش کی فی الحال پیش گوئی نہیں کی گئی۔ دوسری جانب رات کے درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردیوں کا باقاعدہ آغاز نومبر میں متوقع ہے۔ اکتوبر کے آخری دنوں اور نومبر کے پہلے ہفتے میں متوقع موسمی نظام کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 8 سے 10 برس کے دوران موسمی معمولات میں تبدیلی دیکھی گئی ہے، جس میں سردی دیر سے شروع ہونے اور شدید سرد موسم کے دورانیے میں کمی کے رجحانات شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید سردی کا دورانیہ ماضی کے تقریباً 75 دنوں کے مقابلے میں کم ہوکر 50 دن تک رہ گیا ہے، جبکہ دن اور رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔رواں موسم کے لیے جاری تین ماہ کی پیش گوئی کے مطابق ملک میں بارشیں معمول کے قریب اور درجہ حرارت معمول سے قدرے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ موسمی نظاموں سے فضائی آلودگی کے پھیلاؤ کے لیے سازگار حالات پیدا ہوسکتے ہیں، تاہم اسموگ کی شدت اور دورانیے کا انحصار آئندہ موسمی صورت حال پر ہوگا۔

PNP

Comments are closed.