با اثر مالکان کے مبینہ تشدد سے 12 سالہ گھریلو ملازمہ زینب جاں بحق
اسلام آباد (پی این پی)تھانہ اے ڈویژن کے علاقے خالد روڈ پر گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے والی 12 سالہ بچی زینب مبینہ تشدد کے باعث جان کی بازی ہار گئی۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش اور غم و غصے کی فضا پائی جاتی ہے، جبکہ بچی کے اہل خانہ نے حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق زینب گزشتہ ڈیڑھ سال سے خالد روڈ کے رہائشی چوہدری رفاقت کے گھر میں ملازمت کر رہی تھی۔
لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ گھر کی مالکن نے ایک معمولی بات پر مشتعل ہو کر بچی کو ڈنڈوں اور سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ اہل خانہ کے مطابق شدید مارپیٹ کے نتیجے میں زینب جانبر نہ ہو سکی اور دم توڑ گئی۔ تاہم، واقعے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور بچی کی لاش اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم اور دیگر ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے سلسلے میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کے حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
PNP
Comments are closed.