by Rao Imran Suleman
Rao Nama

مبینہ آڈیو لیک، علی امین کی سلمان اکرم راجا پر تنقید

علی امین گنڈا پور : فائل فوٹو 

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی پی ٹی آئی پارلیمانی واٹس ایپ گروپ میں مبینہ آڈیو لیک ہوگئی۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ سمجھ نہیں آرہی سلمان اکرم راجا کی ٹوئٹ کا مقصد کیا ہے، وہ کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ اگر بار بار آپ کو پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بلایا جا رہا ہے تو آپ اور بیرسٹر گوہر آجائیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اراکین اسمبلی متاثرین ہیں آج جس حال میں ہیں وہ ان ہی کی وجہ سے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ان کو اختیار دیا تھا، یہ اختیار ان سے استعمال نہیں ہوا، آج جو پارٹی کی حالت ہے، ہماری حکومت چلی گئی، صوبے کے موجودہ حالات کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں، اوپر سے اب ابہام پیدا کر رہے ہیں، اس کا مقصد کیا ہے؟

ترجمان سابق وزیر اعلیٰ کے پی فراز مغل نے تصدیق کی ہے کہ آڈیو علی امین گنڈاپور کی ہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما آفتاب عالم نے کہا کہ سلمان اکرم راجا کے بیان پر افسوس ہوا، حساس معاملات پر بیان سے پہلےحقائق کی مکمل تصدیق کریں، سیکریٹری جنرل کو صوبائی پارلیمانی پارٹی سے رابطہ کرکے ارکان کو اعتماد میں لینا چاہیے، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی یا صوبائی صدر کی تبدیلی کا فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات میں خیبر پختونخوا کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کی مؤثر نمائندگی یقینی بنانے کا متفقہ فیصلہ ہوا۔

آفتاب عالم نے کہا کہ پارلیمانی اجلاس کے انعقاد کے لیے بیرسٹر گوہر کو باقاعدہ دعوت دی گئی، اعتماد میں لیا گیا، اجلاس بیرسٹر گوہر علی خان کی مشاورت سے طے کیا گیا تھا، ماضی کے مذاکرات میں صوبائی پارلیمانی پارٹی کو مناسب مشاورت میں شامل نہیں کیا گیا۔



PNP

Comments are closed.