by Rao Imran Suleman
Rao Nama

فردوس شمیم نقوی پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی

کراچی (پی این پی) فردوس شمیم نقوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل ’’اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق فردوس شمیم نقوی نے مستعفی ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ کسی ناراضی یا اختلاف کے باعث نہیں دیا، میں نے تاحال مشعال یوسفزئی کو نوٹس جاری نہیں کیا۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے دو روز قبل فردوس شمیم نقوی کو پارٹی سینیٹر مشعال یوسفزئی کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ پارٹی کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ اصولوں کی خلاف ورزی پر مشعال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کریں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میں نے ہمیشہ اس بات کی حمایت کی ہے کہ ہر شخص پارٹی فورم پر اپنی اختلافِ رائے کا اظہار کرے اور جب متعلقہ فورم پر کوئی بات کی جائے تو میں اسے دل پر نہیں لیتا، لیکن کبھی کبھار تو ایکشن لینا پڑتا ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مشعال یوسفزئی نے پارٹی کی سینئر لیڈرشپ کے بارے میں کھل کر بات کی اور پارٹی اصولوں کی خلاف ورزی کی، ان کو اس نوعیت کے رویے پر پہلے بھی تنبیہ (وارننگ) دی جا چکی تھی۔



PNP

Comments are closed.