by Rao Imran Suleman
Rao Nama

بھارتی گجرات کی یونیورسٹی میں طلبہ کو اپنی جان لینے سے روکنے والے پنکھے نصب

احمد آباد: بھارت کی ریاست گجرات میں طلبہ کی خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کے لیے ایک یونیورسٹی نے انوکھا قدم اٹھاتے ہوئے ہاسٹلز میں خصوصی اسپرنگ والے “اینٹی سوسائیڈ” (Anti-Suicide) پنکھے نصب کر دیے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ویر نرماد ساؤتھ گجرات یونیورسٹی نے اپنے ہاسٹلز کے تمام کمروں میں مجموعی طور پر 354 ایسے پنکھے لگائے ہیں جو چھت کے پنکھوں کے ذریعے خودکشی کے رحجان کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان پنکھوں میں ایک خاص اسپرنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے جو صرف ایک مقررہ وزن تک ہی برداشت کر سکتا ہے اور 10 کلو گرام سے زائد وزن پڑنے پر نیچے جھک جاتا ہے۔

 اگر پنکھے پر طے شدہ وزن سے زیادہ وزن ڈالا جائے تو اس کا اسپرنگ میکانزم فوری طور پر فعال ہو جاتا ہے، جس سے پنکھے کی بجلی خود بخود کٹ جاتی ہے اور وہ نیچے لٹک جاتا ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق ان خصوصی پنکھوں کی تیاری اور تنصیب پر فی پنکھا تقریباً 1500 بھارتی روپے لاگت آئی ہے۔

یونیورسٹی کے اس اقدام کو جہاں حفاظتی نقطہ نظر سے اہم قرار دیا جا رہا ہے، وہیں تعلیمی حلقوں اور سوشل میڈیا پر اس پر گہری بحث بھی شروع ہو گئی ہے۔

ماہرینِ نفسیات اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات محض ظاہری علامات کا تدارک تو کر سکتے ہیں، لیکن طلبہ میں ذہنی دباؤ ، ڈپریشن اور دیگر نفسیاتی مسائل کے بنیادی اسباب کو ختم کرنے کے لیے جامع کونسلنگ اور مؤثر لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔

PNP

Comments are closed.