پنجاب میں فارماسیوٹیکل انڈسٹری تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے: مریم نواز
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج صنعت سمیت ہر شعبہ تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے، پنجاب میں فارماسیوٹیکل انڈسٹری تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، کوئی بھی ملک خود کو بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے، قومی جی ڈی پی میں پنجاب کا حصہ نمایاں ہے، بے امنی اور بے یقینی کے ماحول میں کاروبار نہیں ہو سکتا، جہاں روز احتجاج اور توڑ پھوڑ ہورہی ہو وہاں محنت کش کیسے کام کرے گا؟ کاروبار کے لیے ساز گار ماحول کے لیے امن و امان کا قیام بنیادی اہمیت کا حامل ہے، سرمایہ کاری لانے کے لیے سب سے پہلے ماحول کو محفوظ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فارما شعبے کے لیے خصوصی پیکج متعارف کروائے گئے ہیں، ماحولیاتی تحفظ کے نام پر کارخانے بند کروانا درست نہیں، صنعتوں کو ماحول دوست بنانا اور ان کی نگرانی ضروری ہے۔
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا اثاثہ بن سکتی ہے، پنجاب حکومت نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ ہنر سیکھ کر بیرونِ ملک بہتر روزگار اور عزت حاصل کر سکیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مالی معاونت فراہم کی گئی ہے جبکہ گزشتہ 2 سال میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کے لیے بھرپور مہم جاری ہے، رشوت لینے والے سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کیا جا رہا ہے اور 25، 25 سال پرانے قبضے ختم کروائے گئے ہیں، تجاوزات کے خاتمے اور بازاروں کو کشادہ کرنے کے ساتھ قبضہ مافیا اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے لیے بڑا بجٹ مختص کیا گیا ہے، کسانوں کو رعایتی نرخوں پر ٹریکٹر اور سپر سیڈز فراہم کیے جا رہے ہیں، پنجاب میں کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے برقی کاروبار کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کھانے پینے کا کاروبار کرنے والوں کو ناقص خوراک فراہم نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار بند کروانا نہیں چاہتی، تاہم معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
PNP
Comments are closed.