آخری لمحات میں پاکستان کے نجیب اللّٰہ اور عالمگیر غازی کے بھارت کے خلاف دو گول بھی پاکستان ٹیم کو ساف فٹبال چیمپئن کے پہلے میچ میں شکست سے نہ بچا سکے۔ شائق دوست کا پنالٹی مس کرنا مہنگا پڑ گیا۔ بھارت نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا۔
بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں شروع ہونے والی ساف فٹبال چیمپین شپ کے پہلے میچ میں پاکستان کا ٹکراؤ روایتی حریف بھارت سے ہوا۔ بھارتی ٹیم نے آغاز برق رفتاری سے کیا اور آدھے گھنٹے سے پہلے ہی تین گول داغ دیے۔
36ویں منٹ میں پاکستان کو خسارہ کم کرنے کا موقع ملا، لیکن شائق دوست پنالٹی مس کر گئے اور پہلا ہاف بھارت کی 0-3 کی برتری پر ختم ہوا۔
دوسرے ہاف میں پاکستان ٹیم نے نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور اسٹاپچ ٹائم میں نجیب اللّٰہ نے پاکستان کا پہلا گول بنایا جبکہ اگلے ہی منٹ میں عالمگیر غازی نے زبردست انداز میں گیند کو جال میں پہنچا کر قومی ٹیم کےلیے دوسرا گول کرکے میچ کا اسکور 2-3 کردیا۔
تاہم قومی ٹیم اس کے بعد مزید کوئی گول نہ بناسکی اور میچ بھارت نے 2 کے مقابلے میں 3 گول سے جیت لیا۔
ساف فٹبال چیمپئن شپ کا دلچسپ میچ جیو سوپر اور ڈیجیٹل ایپ مائیکو سے براہ راست نشر کیا گیا۔
PNP
Comments are closed.