by Rao Imran Suleman
Rao Nama

انسانیت کے نام پر جھلملاتے دیپ سے پورا پاکستان روشن و منور ہے , زین العابدین انصاری 

کراچی (پی این پی) ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KDA)  زین العابدین انصاری نے دیوالی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیوالی روشنی، امید اور خوشیوں کا تہوار ہے، جو ہمیں محبت، بھائی چارے، برداشت اور ایک دوسرے کے مذہبی عقائد کے احترام کا درس دیتا ہے۔ پاکستان کی خوبصورتی اس کے مختلف مذاہب، ثقافتوں اور روایات سے جڑی ہے۔ یہاں بسنے والے تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں اور ان کی خوشیاں ہماری مشترکہ خوشیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر روشن ہونے والے دیپ ہمیں یہ پیغام دیتے ہیں کہ نفرتوں اور تعصبات کے اندھیروں کو محبت، رواداری اور انسانیت کی روشنی سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔ ہماری اصل پہچان ایک دوسرے کے احترام اور انسانیت کی خدمت میں ہے۔

ڈی جی کے ڈی اے نے ادارے میں خدمات انجام دینے والے ہندو افسران اور ملازمین کو خصوصی طور پر دیوالی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ KDA ایک مشترکہ ادارہ اور ایک خاندان  کی مانند ہے، جہاں ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی خدمات قابل قدر ہیں۔ ادارے کی ترقی اور کامیابی میں ہر فرد کا کردار اہم ہے، اس لیے باہمی احترام، یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

دیوالی کے موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے شاعر کاشف شمیم صدیقی کے بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانیت کے موضوع پر لکھے گئے اشعار بھی پیش کیے، جن میں مذہبی رواداری، امن اور اتحاد کا خوبصورت پیغام دیا گیا ہے، اشعار کچھ یوں تھے :

کچھ روشن کیے تم نے

کچھ ہم نے بھی جلائے ہیں

یہ دیپ نئی امیدوں کے

گھپ اندھیروں میں جگمگائے ہیں

کیوں ہے یہ زندگی

کیا مقصدِ حیات ہے

اے رب! دکھلا دے وہ راہ ہم کو

جو ہم نہیں جانتے ہیں

تم مندر میں، ہم مسجد میں

چلو آج دعا یہ مانگتے ہیں

کہ انسانیت ہی ہو منزل

انسانیت ہی پیغام ہو

ہاتھوں میں تھامے ہاتھ

اب صرف یہی کام ہو



PNP

Comments are closed.