by Rao Imran Suleman
Rao Nama

نیپرا کا انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج صارفین پر اربوں کا اضافی بوجھ قرار، صنعتکاروں نے معطلی کا مطالبہ کردیا

کراچی (پی این پی)  سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر عبدالہادی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے بجلی کے اضافی استعمال کے پیکیج(انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج) کی فوری معطلی کا مطالبہ کیا ہے اور نظرثانی شدہ نرخ 25.30 روپے فی یونٹ کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ  پیکیج عام بجلی صارفین پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ ہے لہٰذا اس کے نتیجے میں ہونے والے تمام نقصانات صرف پیکیج سے فائدہ اٹھانے والے صارفین سے وصول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے نیپرا کو ارسال کردہ تحریری اعتراضات میں یہ مؤقف اختیار کیا کہ پیکیج کے پہلے ششماہی جائزے میں چار ماہ کی تاخیر نے عام صارفین کو بھاری مالی نقصان پہنچایا۔ جون 2026ء میں ہونے والا جائزہ اکتوبر میں لیا گیا جبکہ اپریل اور مئی 2026ء کے دوران اضافی بجلی کی لاگت اور مقررہ نرخوں کے درمیان فرق کے باعث بالترتیب تقریباً 13 ارب 60 کروڑ اور 9 ارب 40 کروڑ روپے کا مالی بوجھ تمام صارفین نے برداشت کیا۔
 عبدالہادی نے کہا کہ انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) نے سماعت کے دوران تصدیق کی کہ مارجنل پرائس کا ڈیٹا درست ہے اور اخراجات میں یہ غیرمعمولی اضافہ غیرمتوقع تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ نیپرا کے اصل فیصلے میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ کوئی بھی غیرمتوقع نقصان صرف ان صارفین سے وصول کیا جائے گا جو انکریمنٹل پیکیج سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے سیمی اینول ریویو میں تاخیر پر بھی اعتراض کیا جو جون 2026 میں ہونا تھی لیکن چار ماہ بعد کی گئی اس تاخیر کی وجہ سے عام صارفین پر غیر ضروری مالی بوجھ بڑھ گیا۔ان کا کہنا تھاکہ عام صارفین جنہوں نے مارجنل قیمت اور انکریمنٹل ریٹ کے درمیان فرق ادا کیا تھا ان سے زیادہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) وصول کیا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ان صارفین کو زائد رقم واپس کی جانی چاہیے۔
 صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے نیپرا سے مطالبہ کیا کہ یا تو پیکیج کو فوری طور پر معطل کیا جائے یا پھر 9 جون 2026 سے تمام انکریمنٹل کنزمپشن پر نظرثانی شدہ مارجنل کاسٹ لاگو کی جائے،پیدا ہونے والا فرق صرف پیکیج سے فائدہ اٹھانے والوں سے وصول کیا جائے اور وصول شدہ رقم اگلے کیو ٹی اے/ایف سی اے کے ذریعے عام صارفین کے اکاؤنٹ میں جمع کر دی جائے۔ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ صنعتی حلقوں بشمول کراچی چیمبر، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری اور فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے بھی پیکیج کے تسلسل پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
 عبدالہادی نے خبردار کیا کہ نظرثانی شدہ نرخ بجلی کے اخراجات اور صنعتی پیداوار کی لاگت میں مزید اضافہ کر سکتا ہے جس سے مقامی صنعت کی مسابقت متاثر ہوگی۔انہوں نے نیپرا سے مطالبہ کیا کہ تمام اعتراضات پر معقول دلائل کے ساتھ فیصلہ کیا جائے اور ایسے منصوبوں کو ختم کرنے کا واضح طریقہ کار وضع کیا جائے جو اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔



PNP

Comments are closed.