کراچی(پی این پی) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پاسپورٹ کے صفحات میں ردوبدل کے ذریعے سابقہ سفری ریکارڈ چھپانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
دنیا نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ شمالی قبرص جانے والے مسافر کو مزید قانونی کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) کراچی منتقل کر دیا گیا۔
سانگھڑ کا رہائشی مسافر سیف اللہ سٹڈی ویزا پر استنبول کے راستے شمالی قبرص (ٹی آر این سی) جا رہا تھا، امیگریشن کلیئرنس کے دوران جانچ پڑتال میں انکشاف ہوا کہ مسافر نے مارچ 2026 میں اپنے سابقہ پاسپورٹ پر شمالی قبرص میں داخلے کی کوشش کی تھی تاہم اسے داخلے سے روک کر پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق مسافر کو جون 2026 میں لاہور ایئرپورٹ پر بھی آف لوڈ کیا گیا تھا، مزید جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر نے اپنے پرانے پاسپورٹ سے ترک ویزا اور آف لوڈنگ کی مہر ہٹوا دی تھی بعد ازاں نیا پاسپورٹ حاصل کیا جس میں سابقہ سفری واقعات کا ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مسافر نے سفری دستاویزات قبرص میں مقیم حرمین نامی ایجنٹ کے ذریعے تیار کروائی تھیں، ایجنٹ کے کردار سمیت پاسپورٹ کے صفحات میں ردوبدل اور سابقہ سفری ریکارڈ چھپانے کے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی اے امیگریشن نے مسافر کو متعلقہ دستاویزات سمیت مزید قانونی کارروائی کیلئے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیا ہے۔
PNP
Comments are closed.