by Rao Imran Suleman
Rao Nama

خشک سالی کا خطرہ، مختلف اضلاع کےلیے ہائی الرٹ جاری

اسلام آباد (پی این پی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں خشک سالی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے باعث سندھ کے متعدد اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں میں شدید خشک سالی کا امکان ہے، جس کے پیش نظر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے علاوہ بلوچستان کے اضلاع چاغی اور واشک کے کچھ علاقوں میں بھی خشک سالی کی کیفیت پیدا ہوچکی ہے۔این ای او سی کے مطابق بارشوں کی معمول سے کم مقدار، طویل عرصے تک خشک موسم برقرار رہنا، درجہ حرارت میں اضافہ اور مون سون بارشوں کے معمولات میں تبدیلی اس صورتحال کی بنیادی وجوہات ہیں۔ادارے کا کہنا ہے کہ سندھ کے متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول کے مقابلے میں ایک سے تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، جس کے باعث پانی کی قلت بڑھ رہی ہے۔ اس صورتحال سے زرعی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہونے اور فصلوں کی پیداوار کم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ زرعی پیداوار میں کمی کے نتیجے میں غذائی عدم تحفظ کے مسائل بھی شدت اختیار کرسکتے ہیں۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ پانی کے ذخائر اور آبی وسائل کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جائے، جبکہ خشک سالی سے متاثرہ کسانوں اور دیہی آبادی کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔اتھارٹی نے شہریوں اور کاشتکاروں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور مویشیوں کو ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لیے متعلقہ محکموں کی ہدایات پر عمل کریں اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

PNP

Comments are closed.