قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کل سے فیصل آباد میں شروع ہوگا
افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کراچی وائٹس اور اسلام آباد کے درمیان ہوگا۔
فیصل آباد::
قومی ٹی ٹوئنٹی کپ جمعہ سے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں شروع ہوگا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کراچی ریجن وائٹس اور اسلام آباد ریجن کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسی روز بہاولپور ریجن کا مقابلہ ڈیرہ مراد جمالی ریجن سے اسی مقام پر ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں 16 ریجنز سے 18 ٹیمیں حصہ لیں گی ان ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
یہ میچ لاہور کے دو مقامات قذافی اسٹیڈیم اور ایل سی سی اے گراؤنڈ کے علاوہ ملتان کے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے۔
ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 23 اور 24 مارچ کو اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، سیمی فائنل 26 مارچ کو اسی مقام پر ہونا ہے۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 27 مارچ کو اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جب کہ رنرز اپ کو 25 لاکھ روپے ملیں گے۔
فیصل آباد میں ڈبل ہیڈر میچز شام 7 بجے شروع ہوں گے جبکہ لاہور اور ملتان میں میچز شام ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے۔
نشریات اور ٹکٹ کی تفصیلات۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے میچز جیو سپر پر براہ راست نشر کیے جائیں گے جبکہ پاکستان میں ٹیپمیڈ پر لائیو اسٹریمنگ دستیاب ہوگی۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں 14 سے 20 مارچ تک ہونے والے میچوں میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔
21 سے 27 مارچ تک کے میچز جن میں کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل شامل ہیں، شائقین کے لیے ٹکٹ ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گےمزید تفصیلات کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔