پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب، 5 طیارے اور بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ، بھارت نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی
پاکستان کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملے کے منہ توڑ جواب کے بعد بھارت نے بلآخر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی۔
بھارت کے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں بھارت کے 5 طیارے مار گرائے اور بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں تصدیق کی ہےکہ پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی جہاز مار گرائے ہیں جب کہ پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی میں برتری حاصل کرلی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مار گرائے گئے طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایس یو 30 شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ پاک فضائیہ نے بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ مار گرایا، ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل میں بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہےکہ پاک فوج نےجوابی کارروائی میں بھارت کابریگیڈ ہیڈکوارٹرتباہ کردیا۔
بھارتی میڈیا نے اپنے تین طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کردی ہے۔
دندان شکست
پاکستان کی جانب سے دندان شکست جواب کے بعد بھارت نے شکست تسلیم کرلی ہے۔
بھارت ہمیشہ تحقیقات سے بھاگتا رہا، آج بدلہ لینے آیا اور بھاگ گیا: وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت کے 5 طیارے اور ایک ڈرون کو مار گرایا ہے، پاکستانی فوج نے دشمن کی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا، بھارت نے سفید جھنڈالہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔
عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ سفید جھنڈا لہرانا بھارتی میڈیا کی بھی شکست ہے، بھارت تحقیقات سے ہمیشہ بھاگتا رہا، آج بدلہ لینے آیا اور بھاگ گیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حملے میں کتنا نقصان ہوا کچھ دیر میں تفصیلات سامنے آجائیں گی، ہم نے آج ملکی اور عالمی میڈیا کے ساتھ مریدکے اور بہاولپور جانا تھا، بزدل دشمن نے مساجد، خواتین اور بچوں کو نقصان پہنچایا۔
پاکستان نے بھارتی حملے سے متعلق سلامتی کونسل کو آگاہ کر دیا
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی حملے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو آگاہ کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مستقل مندوب نے سلامتی کونسل کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا، پاکستان مناسب وقت اور مقام پربھارتی جارحیت کے جواب کا حق رکھتا ہے۔
دودنیال سیکٹر
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی میزائل اسٹرائیک نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ تباہ کردی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے برنالہ سیکٹر میں بھارت کا ڈرون مار گرایا۔
سیالکوٹ پولیس اور سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہےکہ کوٹلی لوہاراں میں پاکستان نے بھارت کے 2 ڈرون مار گرائے، ایک ڈرون پھٹ گیا اور دوسرا ڈرون فوج نے اپنی تحویل میں لے لیا، نارووال میں پاکستان نے بھارتی ڈرون مار گرایا، ایک بھارتی ڈرون ظفروال کے گاؤں تہرا کے قریب مار گرایا ہے جب کہ بھارتی ڈرون گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بھارتی حملوں میں 8 پاکستانی شہید ہوئے
رات گئے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ آج رات بزدل بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کی، پاکستان میں 6 مقامات پر بھارت کی جانب سے 24 حملے ہوئے، بھارتی حملوں میں 8 پاکستانی شہید اور 35 زخمی ہوئے، احمد پور شرقیہ میں 5 بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے جن میں معصوم بچی شامل ہے۔
دشمن نے کوٹلی، احمدپور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے میں حملے کیے:
ترجمان پاک فوج
انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا جہاں ایک بچی زخمی ہوئی جب کہ مسجد کو نقصان پہنچا، کوٹلی مٰیں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا، مرید کے میں مسجد کو نشانہ بنایاگیا جہاں ایک شہادت ہوئی اور ایک شخص زخمی ہوا، سیالکوٹ میں کوٹلی لوہاراں گاوں میں ایک گولہ گرا، شکر گڑھ میں بھی ایک ڈسپنسری کو نقصان ہو۔
پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب، 5 طیارے اور بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ، بھارت نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ عوام کی حمایت سے افواج دشمن کی جارحیت کا جواب دے رہی ہے، دشمن کے بلاجواز حملہ کا پاکسانی فوج بھر پور جواب دے رہی ہے۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دشمن نے کوٹلی، احمدپور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے میں حملے کیے۔
بھارت کا غیر ذمہ دارانہ اقدام دو ایٹمی طاقتوں کو بڑی جنگ کے دہانے پر لے آیا ہے:
ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی میزائل حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی بلا اشتعال اور کھلی جارحیت کی شدید مذمت کرتےہیں، بھارتی فضائیہ نے بھارتی حدود سے اسٹینڈ آف ہتھیاروں سے پاکستان کی خودمختاری کو نشانہ بنایا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، بھارتی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی معصوم شہری شہید ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت سے فضائی حدود میں تجارتی پروازوں کو شدید خطرہ لاحق ہوا، بھارتی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پہلگام حملے کے بعد بھارت نے ایک بار پھر جھوٹے بیانیے پرخطے کے امن کو خطرے میں ڈالا، بھارت کا غیر ذمہ دارانہ اقدام دو ایٹمی طاقتوں کو بڑی جنگ کے دہانے پر لے آیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان مناسب وقت اور جگہ پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، یو این چارٹر کے آرٹیکل 51 اور بین الاقوامی قانون کے تحت پاکستان ہر اقدام کا حق رکھتا ہے، پاکستانی قوم، حکومت اور مسلح افواج بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہیں، پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا۔
پاک بھارت کشیدگی
22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن زخمی ہوگئے تھے۔
بھارت کی ہندو انتہا پسند حکومت نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کے بغیر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا اور 1960 میں عالمی بینک کی ثالثی میں طے پانے والے دریاؤں کے پانی کی تقسیم کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے اعلان کیا تھا۔
پاکستان نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنےکا بھارتی یکطرفہ اعلان مسترد کر دیا۔
پاکستانی قوم اور بزنس کمیونٹی افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، عاطف اکرام شیخ
اسلام آباد : فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بھارت کی جانب سے شہری آبادی پر حملے کو بزدلانہ اور شرمناک اقدام قرار دیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ رات کے اندھیرے میں مظفرآباد، کوٹلی اور بہاولپور جیسے علاقوں کو نشانہ بنانا ایک ناقابل معافی جرم ہے، جس کی ابتدا بھارت نے کی ہے اور اختتام پاکستان کرے گا۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ افواجِ پاکستان دشمن کے اس بزدلانہ حملے کا بھرپور اور موثر جواب دے رہی ہیں۔ "پاکستانی قوم اور بزنس کمیونٹی افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،” عاطف اکرام شیخ نے کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ "دفاع وطن کے لیے ہم اپنے کاروبار اور جانیں پاکستان اور مسلح افواج پر نچھاور کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دشمن نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا، مگر ہمارا جواب اسے صدیوں یاد رہے گا۔”
عاطف اکرام شیخ نے بھارتی جارحیت کو پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "بھارتی حکومت نے عوام کی توجہ اپنے اندرونی مسائل سے ہٹانے کے لیے جنگ کا سہارا لیا ہے۔” انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس کا دفاع ہر قیمت پر کیا جائے گا۔
آخر میں انہوں نے کہا، "پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، اور بھارت کو اس جارحیت کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ پاکستان کا بچہ بچہ اس امتحان میں سرخرو ہوگا اور انشاء اللہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فتح یاب ہوگا۔”
پاکستان کا منہ توڑ جواب، بھارت گھبرا گیا، عرب دنیا سے مدد مانگ لی
اسلام آباد / نئی دہلی: پاکستان کے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کے بعد بھارت شدید دباؤ میں آگیا ہے اور کشیدگی کم کرانے کے لیے عرب دنیا سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے خاص طور پر متحدہ عرب امارات سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان پر اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ کشیدگی کم کی جا سکے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے پاک بھارت کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ یہ کشیدگی نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے بات چیت اور افہام و تفہیم پر زور دیا۔
دوسری جانب، بھارت نے بلااشتعال پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملے کیے، جن میں ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چھ مقامات پر 24 حملے کیے گئے۔ ان بزدلانہ حملوں میں 8 پاکستانی شہری شہید اور 35 زخمی ہوئے، جب کہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔
تاہم، پاکستان نے ان حملوں کا فوری اور زبردست جواب دیا۔ پاکستانی فضائیہ نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے اور ایک بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جس سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
پاک بھارت کشیدگی: اسپتالوں میں ہنگامی حالت، ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ
اسلام آباد(آئی پی ایس) بھارت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں کی گئی بزدلانہ کارروائیوں کے بعد ملک بھر میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ شہری دفاع سمیت تمام متعلقہ اداروں کے افسران اور عملے کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ تمام اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف اسپتالوں کے دورے کیے تاکہ ممکنہ ایمرجنسی کی صورت میں طبی سہولیات اور تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق پمز، پولی کلینک، سی ڈی اے اسپتال سمیت دیگر اہم طبی مراکز میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ نجی اسپتالوں میں بھی حفاظتی اور طبی انتظامات کو چیک کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز نے اسپتالوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں اور ان پر زور دیا کہ وہ تمام ضروری طبی سہولیات، اسٹاف کی دستیابی اور ایمرجنسی سروسز کو یقینی بنائیں۔ ڈی سی عرفان میمن نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد کے تمام اسپتالوں کو مکمل طور پر تیار رہنا ہوگا۔
دوسری جانب گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب نے اسپتالوں میں ان ڈور سروسز فوری بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حرکت کی ہے۔ ان کے مطابق بھارت نے پاکستان کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا جس سے قیمتی جانوں کے نقصان کا خدشہ ہے۔
ڈاکٹر سلمان حسیب نے واضح کیا کہ شعبہ طب اس وقت افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وارڈز اور ان ڈورز میں فوری طور پر طبی خدمات کا آغاز کیا جا رہا ہے اور زخمیوں کے علاج کے لیے تمام تر آپریشنز شروع کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد اور پنجاب میں تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے
انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور، مظفرآباد اور مریدکے میں ینگ ڈاکٹرز کو فوری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ وہ موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی خدمات فراہم کریں۔
بھارت کا بڑا نقصان، کئی بڑے ہوائی اڈے بند، فلائٹ آپریشنز معطل
بھارتی افواج کی جانب سے رات کی تاریکی میں آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں پر بلااشتعال حملوں کے بعد پاک فوج نے بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا، جس کے بعد بھارت کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔
بھارتی حملوں میں کوٹلی، مظفرآباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ کے شہری علاقے نشانہ بنے، جس میں 2 مساجد شہید، ایک بچی سمیت 26 پاکستانی شہید اور 36 زخمی ہوئے۔
پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی فضائیہ کے 6 طیارے (تین رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29، ایک ڈرون) مار گرائے اور بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی تباہ کر دیا۔
جوابی کارروائی کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر پسپائی اختیار کی۔ صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد بھارت کے کئی بڑے ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ ائیرپورٹس میں دھرم شالہ، لیہہ، جموں، سری نگر، امرتسر، چندی گڑھ، راجکوٹ، بھج، جام نگر اور بیکانیر شامل ہیں۔ بھارتی ایئرلائنز نے سوشل میڈیا پر پروازوں کی منسوخی کا اعلان کیا ہے۔