by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ہمارے دل ترک بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں”، وزیراعظم کا اظہارِ یکجہتی

0

اسلام آباد: ترکیہ کے 102ویں قومی دن کے موقع پر اسلام آباد میں ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء عطا اللہ تارڑ اور عبدالعلیم خان سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں، جو باہمی احترام، ثقافت اور مذہبی رشتوں پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کی قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ “ہمارے دل ترک بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اسلام آباد میں پاکستان اور ترکیہ کے پرچم لہرا رہے ہیں جو دو ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی ترقی اور خوشحالی کا سفر قابلِ فخر کامیابیوں سے عبارت ہے، بانیِ ترکیہ مصطفیٰ کمال اتاترک نے جدید ریاست کی بنیاد رکھی جبکہ صدر رجب طیب ایردوان آج ترقی، استقلال اور قیادت کی روشن مثال ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ترک صدر کی غیر معمولی قیادت کے باعث ترکیہ جدت، تہذیب اور ثقافت کا حسین امتزاج بن چکا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں جڑے ہیں، پاکستان ترکیہ کے ساتھ محبت اور خلوص کے رشتے میں بندھا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ “چار روزہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کو سبق سکھایا، اس دوران ترک صدر طیب ایردوان پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، قبرص کے حوالے سے ترکیہ کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے، جیسے ترکیہ نے ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کا ساتھ دیا۔ شہباز شریف نے ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو کو “پاکستان اور ترکیہ دونوں کا سفیر” قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جنگ ہو، تباہ کن زلزلہ ہو یا سیلاب، ترکیہ ہمیشہ پاکستان کی مدد میں پیش پیش رہا۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں چار دن کے اندر دشمن کو سبق سکھایا گیا، جو قومی دفاع کی تاریخ میں سنہری باب ہے۔”

Leave A Reply

Your email address will not be published.