اسلام آباد: یکم نومبر 2025رومانیہ کے سفارتخانے کی جانب سے پاکستان میں پہلی مرتبہ ’’رومینین کلچر ڈیز‘‘ کا افتتاح کر دیا گیا۔ ’’کلچر بریجز نیشنز‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی یہ ثقافتی سرگرمیاں پورے نومبر کے دوران اسلام آباد، کراچی اور پشاور میں جاری رہیں گی، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا اور عوامی رابطوں کو مضبوط بنانا ہے۔
تقریب کا آغاز کراچی سے کیا گیا جہاں رومانیہ کے قومی دن کی قبل از وقت تقریبات کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان اکسٹھ سالہ سفارتی تعلقات کی یاد میں خصوصی فوٹوگرافی نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ یہ نمائش رومینین نیشنل آرکائیوز اور وزارتِ خارجہ کے سفارتی آرکائیوز کے تعاون سے تیار کی گئی ہے، جو بعد ازاں اسلام آباد اور پشاور بھی لے جائی جائے گی۔رومانیہ کی معروف اوپیرا گلوکارہ جورجیانا کوسٹیا گلوگا 4 نومبر کو کراچی میں ورلڈ کلچر فیسٹیول میں پرفارم کریں گی جبکہ 5 نومبر کو آرٹس کونسل کراچی میں اوپیرا ورکشاپ اور رومینین فلموں کی خصوصی اسکریننگ ہوگی۔
عالمی ثقافتی میلے میں ’’بیلے بیاںڈ بارڈرز‘‘ بھی مختلف ممالک کے ساتھ رومانیہ کی نمائندگی میں رقص کے ذریعے فن اور ثقافتی ہم آہنگی پیش کرے گا۔تعلیمی و ثقافتی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے رومانیہ پاکستان کی نیشنل لائبریری اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کو ادب، تاریخ، فنون اور فوٹوگرافی پر مشتمل کتب کا تحفہ بھی پیش کرے گا۔ اسی سلسلے میں نمل میں رومینین لینگویج لییکچر شپ کا بھی آغاز ہو رہا ہے جس کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر اوانا اُرساچے کریں گی۔ وہ ملکہ ماریہ آف رومینیا کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر اُن کی شخصیت اور سفارتی خدمات پر خصوصی لیکچر بھی دیں گی، جس کے بعد دستاویزی فلم ’’ماریہ: ہارٹ آف رومینیا‘‘ دکھائی جائے گی۔15 نومبر کو رومانیہ کی ایوارڈ یافتہ فلم ’’دی نیو ایئر دیٹ نیور کیم‘‘ کراچی فلم اسکول میں یورپین فلم فیسٹیول کے تحت پیش کی جائے گی۔
تاریخی ٹریجیکومیڈی پر مبنی یہ فلم رومانیہ کے 1989 کے دور اور کمیونسٹ حکومت کے خاتمے کے پس منظر میں گھومتی ہے۔’’رومینین کلچر ڈیز‘‘ کا انعقاد رومانیہ کے سفارتخانے اور متعدد اداروں کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، جن میں رومینین کلچرل انسٹی ٹیوٹ، رومینین لینگویج انسٹی ٹیوٹ، نمل یونیورسٹی، پاکستان رومینیا بزنس کونسل، پاکستان رومینیا فرینڈشپ ایسوسی ایشن اور پشاور میں رومانیہ کے اعزازی قونصل خانہ شامل ہیں۔ ایونٹس کے لیے ڈیجیٹل پارٹنر ’’ڈسکور پاکستان‘‘ جبکہ میڈیا پارٹنر ’’ہم نیوز‘‘ ہے۔رومانیہ کے سفارتخانے کے مطابق یہ ثقافتی سرگرمیاں دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی، اور پاکستان و رومانیہ کے عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دیں گی۔