پاکستان مسلم لیگ کا بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان
پارٹی کو منظم اور فعال بنانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، قیادت چاروں صوبوں کا دورہ کرے گی
اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمدا مجداور سیکرٹری جنرل محمد طارق حسن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ اسلام آباد، پنجاب اور کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات اور گلگت، بلتستان کے انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی، پارٹی تیزی سے متحرک اور فعال ہو رہی ہے، پارٹی قیادت چاروں صوبوں کا دورہ کرے گی، 24نومبر کو بلوچستان کا دورہ کیا جائے گا۔
چوہدری شجاعت حسین کا ملکی ترقی اور خوشحالی کا پیغام اور سوچ گھر گھر میں پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں محمد طارق حسن کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مصطفیٰ ملک، مہرین ملک آدم، رضوان صادق خان، چوہدری جہانگیر، رحیم اعوان، انیلہ چوہدری، عظام چوہدری، عاطف مغل، یاسر لغاری، سمیرا حمید، آمنہ سلیم اور طاہرہ نعمت سمیت پارٹی کی دیگرقیادت بھی موجود تھی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مسلم لیگ کے دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم ملک بھر میں پارٹی کو منظم اور فعال کررہے ہیں، آئندہ بلدیاتی انتخابات کی زروشور سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔پاکستان مسلم لیگ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور کوئٹہ کے ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی بھرپور حصہ لے گی۔ ان مقاصد کے لئے پارٹی کی اعلیٰ سطح پر مشاورت جاری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ قومی وحدت اور ملکی مفادات کے لئے کام کیا ہے۔ پارٹی ہر سطح پر تیزی کے ساتھ منظم ہورہی ہے، بہت سے لوگ ہمیں جوائن کررہے ہیں۔ اس سلسلے کو مزید تیزی کے ساتھ آگے بڑھانے کے لئے پارٹی قیادت نے ملک کے ہر صوبے کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس مقصد کے لئے پہلا دورہ 24نومبر کوبلوچستان کا کیا جائے گا، ہم اپنے قائد چوہدری شجاعت حسین کا پیغام اور ان کی سوچ ملک کے ہر شہری تک پہنچائیں گے۔