سن بیم لرننگ سکول کی تقریب، پوزیشن ہولڈرطلبہ میں انعامات و لیپ ٹاپ تقسیم
نجی تعلیمی ادارے ملکی تعلیم اور شرح خواندگی میں کلیدی کردار اداکر رہے ہیں،ڈاکٹر ابرار حسین ملک
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سن بیم لرننگ سکول، سنگ جانی میں سالانہ تقریبِ تقسیم انعامات منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی مرکزی صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن ڈاکٹر ابرار حسین ملک تھے۔ تقریب میں بورڈ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات اور قیمتی لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا کہ سن بیم لرننگ سکول کی تقریب میں شرکت کر کے دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ تین سال قبل انہوں نے سکول کی رجسٹریشن اور افیلی ایشن کے لیے تعاون کا وعدہ کیا تھا، جو پورا کر دیا گیا ہے۔ کسی بھی تعلیمی ادارے کی ترقی میں اساتذہ اور ڈائریکٹر کا بنیادی کردار ہوتا ہے، اور سنگ جانی جیسے علاقے میں معیاری تعلیم کی فراہمی خوش آئند امر ہے۔انہوں نے کہا کہ سن بیم لرننگ سکول کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں، جو سنگ جانی کو شہر کے دیگر سیکٹرز کے برابر لا رہے ہیں۔ یہ ادارہ علاقے کے والدین کے لیے ایک نعمت ہے، جہاں سے بچے معیاری تعلیم حاصل کر کے روشن مستقبل کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔پاکستان میں 64 فیصد بچے نجی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور نجی سکول ملکی تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ نجی تعلیمی ادارے درجنوں اقسام کے ٹیکس حکومت کو ادا کرتے ہیں اور شرح خواندگی بڑھانے میں بھی حکومت کے معاون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے درحقیقت پاکستان کی سب سے بڑی این جی او ہیں، جو تعلیمی، سماجی، سیاسی اور معاشی ترقی میں پیش پیش ہیں۔ ملکی جامعات کا میرٹ اٹھا کر دیکھا جائے تو نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ نمایاں پوزیشنز پر نظر آتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سن بیم لرننگ سکول ذیشان احمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ادارہ معیاری اور جدید تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم سے روشناس کرائیں۔تقریب میں ماہرین تعلیم، والدین، سماجی و سیاسی شخصیات، قانون دانوں، صحافیوں اور اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔