اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ق) اسلام آباد کیپٹل کے جنرل سیکریٹری اور چیئرمین گوجر سپریم کونسل پاکستان، چوہدری جہانگیر کی میزبانی میں اسلام آباد کلب میں ایک شاندار اور پرُوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں برسہ فیملی کے ہونہار سپوت، چوہدری عبداللٰہ عنصر برسہ (نو منتخب ممبر سٹی کونسل، کولمبس اوہائیو، امریکہ) کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔
تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، بیوروکریٹس، ٹریڈ یونینز اور گوجر برادری کی تنظیموں نے شرکت کی جن میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر محمد امجد، مسلم لیگ (ن) راولپنڈی ڈویژن کے صدر اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ ڈویژن ملک ابرار احمد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما چوہدری افتخاراحمد کٹاریاں نے بھی شرکت کی۔اور برسہ فیملی کو مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ چوہدری جہانگیر کی قیادت اور میزبانی نے اس تقریب کو ایک تاریخی اجتماع میں بدل دیا، جو نوجوان نسل کے لیے روشن مثال ہے۔
مہمانِ خصوصی چوہدری عبداللٰہ عنصر برسہ نے اپنے خطاب میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی اور برسہ فیملی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امریکہ میں پاکستان کا نام وقار، دیانت اور خدمت کے ذریعے مزید روشن کریں گے۔
یہ تقریب نہ صرف برسہ فیملی کے لیے باعثِ فخر تھی بلکہ چوہدری جہانگیر کی سیاسی بصیرت اور قومی یکجہتی کے جذبے کی عملی تصویر بھی بنی۔