اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی ترجمان اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے ترجمان غلام مصطفیٰ ملک نے کہا ہے کہ چوہدری سالک حسین کے دورِ وزارت میں لاکھوں پاکستانیوں کو بیرونِ ملک باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے، جو ایک بڑی قومی کامیابی ہے۔
وہ اسلام آباد میں گجر یوتھ فورم کے چئیرمین اور مسلم لیگ فیڈرل کیپٹل کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد جہانگیر کی جانب سے امریکی ریاست کولمبس، اوہائیو میں سٹی کونسل کے نومنتخب رکن چوہدری عبداللہ عنصر برسہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو رہے تھے،
عبداللہ برسہ ممتاز سیاسی،سماجی،کاروباری شخصیت چوہدری افتخار احمد برسہ کے بھتیجے ہیں، تقریب میں رکن قومی اسمبلی ملک ابرار ، سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر محمد امجد، رضوان صادق خان، پروفیسر سجاد قمر، ملک کامران منیر،چوہدری عظام،ملک داود اعوان، معظم علی چویدری،چوہدری افتخار کٹاریاں،انجینئرچوہدری افتخار سمیت گجر برادری کی ممتاز شخصیات،راولپنڈی اسلام آباد کے عمائدین نے شرکت کی۔
چوہدری جہانگیر کی قیادت میں چوہدری عبداللّٰہ عنصر برسہ کا شاندار استقبالیہ
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران 28 لاکھ سے زائد پاکستانی مزدور اور ہنر مند افراد بیرونِ ملک روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف سال 2024 میں 8 لاکھ 62 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے بیرونِ ملک ملازمتیں حاصل کیں، جبکہ خلیجی ممالک میں پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی اور بیلا روس کے ساتھ روزگار کی فراہمی کے معاہدے حکومتِ پاکستان کی بڑی کامیابیاں ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت اٹلی نے پاکستان کے لیے آئندہ تین سال میں مجموعی طور پر 10 ہزار 500 نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا ہے، جس کے تحت ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی ورکرز اٹلی جا سکیں گے۔
غلام مصطفیٰ ملک نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی ویزا کے نام پر نوسرباز ایجنٹ اور مافیا متحرک ہو چکے ہیں، اس لیے عوام انتہائی احتیاط برتیں اور بیرونِ ملک روزگار کے لیے صرف قانونی اور سرکاری راستے اختیار کریں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز تفتان بارڈر سے ڈنکی لگانے والے دو نوجوانوں کی لاشیں وصول کی گئیں، جو ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔
مرکزی ترجمان نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز بیرونِ ملک روزگار کے مزید آسان اور محفوظ مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جنہوں نے گزشتہ مالی سال 38 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر پاکستان بھجوا کر معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
غلام مصطفیٰ ملک نے واضح کیا کہ چوہدری سالک حسین اور ان کی وزارت اوورسیز پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ اور انہیں عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔