اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )مملکتِ سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات کی،
ملاقات میں دونوں فریقین کے مابین باہمی اور تزویراتی تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر نے موسمیاتی لچک اور پائیدار ترقی کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے عالمی ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داریوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے مسلسل تعاون اور معاونت کو سراہا۔ سعودی سفیر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ شراکت داری مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرے گی۔