اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں چوہدری سالک حسین کی خدمات قابلِ تحسین، ریکارڈ ترسیلات زر حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہیں: فرخ خان
اسلام آباد (نمائندہ اپنا وطن)پاکستان مسلم لیگ (ق) شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور رکن قومی اسمبلی محترمہ فرخ خان نے اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ چوہدری سالک حسین کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک حسین مبارکباد کے مستحق ہیں، کیونکہ ان کی وزارت نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور سہولتوں کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ دسمبر 2025 میں پاکستان کو ریکارڈ 3.6 ارب ڈالر ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 16.5 فیصد اضافہ ہے۔ یہ اضافہ حکومتی پالیسیوں پر اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد اور وطن سے ان کی گہری وابستگی کا مظہر ہے۔
محترمہ فرخ خان نے کہا کہ چوہدری سالک حسین نے اپنی وزارت کے دوران نہ صرف بیرون ملک روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے بلکہ ادارے کی کارکردگی کو شفاف، موثر اور عوام دوست بنانے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ محترمہ فرخ خان نے کہا کہ چوہدری سالک حسین کا وژن یہ ہے کہ بیرون ملک جانے والا ہر پاکستانی اپنی زندگی کے ساتھ ساتھ اپنے خاندان اور ملک کے لیے خوشحالی کا ذریعہ بنتا ہے۔ اسی سوچ کے تحت ان کی پالیسیوں کا مقصد عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولنا ہے۔
محترمہ فرخ خان نے کہا کہ چوہدری سالک حسین نے وزارت اوورسیز پاکستانیز میں کوآرڈینیٹرز مقرر کیے تاکہ عوامی مسائل کے حل میں تیزی اور ادارہ جاتی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ اوورسیز ایمپلائمنٹ بیورو کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا۔ شکایات کے فوری حل کے لیے ہیلپ لائن اور آن لائن پورٹل قائم کیے گئے، جبکہ سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں خصوصی ڈیسک کے قیام سے پاکستانی کمیونٹیز کے ساتھ روابط مزید مضبوط ہوے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی حلقے چوہدری سالک حسین کی خدمات کو پاکستان کی خوشحالی کے لیے سنگ میل قرار دیتے ہیں۔ محترمہ فرخ خان نے اس عزم اور امید کا اعادہ کیا کہ عوامی خدمت اور قومی ترقی کا یہ سفر بھرپور انداز میں جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو مزید بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔