by Rao Imran Suleman
Rao Nama

چوہدری شجاعت حسین کی سالگرہ منانے کی تیاریاں مکمل، مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوگی

0

 

اسلام آباد:(نمائندہ اپنا وطن) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی سالگرہ 27 جنوری کو منائی جائے گی۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے انہیں مبارکباد دی جائے گی جبکہ ان کی درازیٔ عمر اور صحت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔

 

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد کے مطابق مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں کیک کاٹنے کی مرکزی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں پارٹی کی مرکزی قیادت اور اعلیٰ عہدیداران شرکت کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ 27 جنوری بروز منگل شام 4 بجے مرکزی سیکرٹریٹ میں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوگی، جبکہ تمام صوبائی صدور کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسی وقت اپنے اپنے صوبائی دفاتر میں بھی سالگرہ کا کیک کاٹیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پارٹی کی جانب سے تمام دفاتر کو آن لائن لنک کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ ملک بھر میں ہونے والی تقریبات کو بیک وقت دیکھا جا سکے۔
اس موقع پر قائدِ محترم چوہدری شجاعت حسین کی پاکستان کے عوام اور ملکی سیاست کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
چوہدری شجاعت حسین کا شمار پاکستان کے سینئر، مدبر اور بردبار سیاستدانوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے ملکی سیاست میں مصالحت، برداشت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ق) نے مختلف اہم سیاسی ادوار میں قومی چیلنجز سے نمٹنے میں مؤثر کردار ادا کیا۔
پارٹی قیادت نے رہنماؤں اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع پر اتحاد، نظم و ضبط اور بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.