اسلام آباد:نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) کے طلبہ کے لیے ایک اہم تعلیمی موقع سامنے آیا ہے۔
NUML میں رومانیائی زبان کے انتخاب کے ذریعے طلبہ نہ صرف ایک نئی یورپی زبان سیکھ سکتے ہیں بلکہ مکمل طور پر فنڈڈ رومانیائی گورنمنٹ اسکالرشپس سمیت یورپ کی دیگر جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے بھی کھول سکتے ہیں۔
اگر کوئی طالب علم بی ایس پروگرام کے تحت رومانیائی زبان کا انتخاب کرتا ہے تو اس کے لیے رومانیائی حکومت کی اسکالرشپ حاصل کرنے کے امکانات نہایت روشن ہیں، جب کہ رومانیہ کی مختلف جامعات میں دیگر اسکالرشپ مواقع بھی دستیاب ہیں۔
NUML میں رومانیائی زبان کی تدریس ڈاکٹر اوانا اُرشاخے (Dr. Oana Ursache) کی نگرانی میں کی جا رہی ہے۔
طلبہ اسلام آباد کیمپس میں باقاعدہ کلاسز کے ذریعے جبکہ NUML کے دیگر کیمپسز میں زیرِ تعلیم طلبہ آن لائن طریقۂ تدریس سے بھی اس زبان کو سیکھ سکتے ہیں۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق رومانیہ اعلیٰ معیار کی تعلیم، بھرپور ثقافت اور بین الاقوامی طلبہ کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے، اور ان تمام مواقع کی بنیاد زبان سیکھنے سے ہی پڑتی ہے۔NUML انتظامیہ نے طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں، معلومات کو زیادہ سے زیادہ طلبہ تک پہنچائیں اور یورپ میں اعلیٰ تعلیم کے اپنے خواب کو حقیقت میں بدلیں۔