مذہبی تہواروں کا احترام بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہے: وزیراعظم شہبازشریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مذہبی تہواروں کا احترام بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہے۔
سکھ برادری کے مذہبی تہوار بیساکھی پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ بیساکھی پر پاکستان اور دنیا میں مقیم سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، فصل کی کٹائی کی خوشی میں پنجاب بھر میں سکھ برادری بیساکھی میلوں کا اہتمام کرتی ہے، یہ تہوار محنت کے صبر آزما مراحل کے بعد ثمرات پر دلی مسرت کا اظہار ہے، یہ محنت کا پھل ملنے پر عاجزی کے ساتھ شکر گزار ہونے کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے سکھ یاتری گردوارہ پنجہ صاحب اور جنم استھان (ننکانہ صاحب) آتے ہیں، حکومت آنے والے تمام سکھ و ہندو یاتریوں کو ہمیشہ خوش آمدید کہتی ہے، مذہبی مقامات پر سکھ یاتریوں کی ہر ممکن سہولت کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مثبت اور کثیرالجہتی ثقافتی رنگ معاشرتی تنوع اور زندہ دل معاشرے کی بنیاد ہیں، اجتماعی ثمرات کو خوش دلی سے منانا ہی سماجی اتحاد کو مضبوط کرنے کا باعث ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلامی تعلیمات، آئین پاکستان بلاتفریق رنگ و مذہب شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے ضامن ہیں، اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، آج کے دن عالمی امن و استحکام اور فلاح انسانیت کے لیے بھی خصوصی دعا کریں، آپ سب کو بیساکھی کی خوشیاں مبارک ہوں۔
PNP
Comments are closed.