گرمیوں کی طویل چھٹیوں پر نجی سکولز کے اعتراضات، حکومت کا بڑا فیصلہ
لاہور( پی این پی)پنجاب میں گرمیوں کی طویل چھٹیوں پر نجی سکولز کی تنقید کے بعد حکومت نے تعلیمی کیلنڈر پر نظر ثانی کا عندیہ دے دیا۔
وزیرتعلیم پنجاب راناسکندرحیات کے مطابق طویل گرمیوں کی چھٹیوں سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہوتی ہے اور وہ نجی سکولز کے اس موقف سے اتفاق کرتے ہیں۔رانا سکندرحیات نے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد متبادل ہفتوں میں سکولز کھولنے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ نجی سکولز کے ساتھ مل کر نیا اکیڈمک کیلنڈر ترتیب دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اچانک تعطیلات کی صورت میں بھی متبادل پلان مرتب کیا جائے گا،جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی کے باعث بھی تعلیمی نقصان ہوا ہے۔وزیرتعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ سال میں سکولز کم از کم 180 دن کھلنے چاہئیں تاہم اس وقت تعلیمی ادارے صرف 140 دن کھل رہے ہیں،حکومت 30 سے 45 روز کے سمرکیمپس کی اجازت دینے پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔
انہوں نے کہاکہ چھٹیوں سے متعلق فیصلہ پورے صوبے کو مدنظر رکھ کرکرنا ہوگا،خاص طور پر جنوبی پنجاب میں شدید گرمی کے پیش نظرسرکاری سکولز کے حالات کو بھی دیکھنا ضروری ہے،نجی سکولز میں ایئر کنڈیشننگ کی سہولت موجود ہوتی ہے تاہم جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولز کے حالات مختلف ہیںاس لیے متوازن پالیسی بنائی جائے گی۔
PNP
Comments are closed.