ایران کا انتباہ، دشمن نے دوبارہ غلطی کی تو سخت ردعمل ہوگا
نئی جارحیت پر نئے ہتھیار استعمال کرنے کا اشارہ
تہران (ویب ڈیسک) 20 مئی 2026
ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نئی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا تو ایران مختلف عسکری حکمتِ عملی اور نئے ذرائع سے جواب دے گا۔
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نے تہران میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مسلسل مضبوط بنا رہا ہے اور جنگ بندی کے دوران بھی عسکری تیاریوں کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے خلاف دوبارہ کارروائی کی گئی تو مسلح افواج مختلف طریقہ کار کے تحت ردِعمل دیں گی۔ ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور بحری سرگرمیوں کے لیے نئے انتظامی طریقہ کار پر کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم بحری گزرگاہ سمجھی جاتی ہے، اس لیے اس سے متعلق بیانات خطے اور عالمی منڈیوں پر اثر ڈال سکتے ہیں۔