فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات
خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کا سفارتی کردار فعال
تہران: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
تہران (نیوز ڈیسک) 23 مئی 2026: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن و استحکام اور مغربی ایشیا کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے دورے پر موجود ہیں اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، سفارتی پیش رفت اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام اور مسائل کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر گزشتہ روز ایران پہنچے تھے جہاں ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ان کا استقبال کیا تھا۔ دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی بھی پہلے سے ایران میں موجود ہیں اور مختلف اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے دورۂ ایران کے دوران مزید اعلیٰ ایرانی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں خطے کی صورتحال، ایران امریکا مذاکرات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔