by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایم کیو ایم سیاسی بوکھلاہٹ کا شکار، بلاول بھٹو کا خوف ان پر سوار ہے: سعدیہ جاوید

—فائل فوٹو

سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے ایم کیو ایم کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان بازی دراصل سیاسی مایوسی اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔

 اپنے بیان میں سعدیہ جاوید نے کہا کہ بلاول بھٹو کا خوف ایم کیو ایم کے اعصاب پر سوار ہو چکا ہے، جبکہ بلاول بھٹو عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو لسانیت کی آگ میں جھونکنے والے اب قصہ پارینہ بن چکے، شہری سندھ کو محرومیوں اور پسماندگی میں دھکیلنے والے مجرم اب پارسائی کا ڈھونگ رچا رہے ہیں، شہری سندھ کو تباہ کرنے اور بھتہ خوری کا کلچر عام کرنے والے اپنی تاریخ نہ بھولیں۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق سندھ حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تاریخی ترقیاتی منصوبے مکمل کیے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر بولنے والے بتائیں، انہوں نے چائنا کٹنگ کے سوا کیا دیا؟ ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنے والے خود اپنی 18 سالہ کارکردگی کا حساب دیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کراچی کے وسائل کو لوٹا اور شہر کو پسماندگی کی طرف دھکیلا، بلاول بھٹو زرداری کا وژن سندھ کے عوام کی خوشحالی اور حقیقی ترقی ہے، یونیورسٹی روڈ سمیت کراچی کی تمام بڑی شاہراہوں کو پیپلز پارٹی نے ہی تعمیر کروایا، کراچی کو پینے کے صاف پانی اور ٹرانسپورٹ کے بڑے منصوبے پیپلز پارٹی نے دیے، پی پی نے کراچی کو پیپلز بس سروس دی، تم نے شہر کو صرف ہڑتالیں اور خوف دیا۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلا تفریق رنگ و نسل پورے سندھ کی یکساں خدمت پر یقین رکھتی ہے، شہر کا امن تباہ کرنے والے آج کس منہ سے مظلومیت کا رونا رو رہے ہیں؟ عالمی اداروں کا سندھ حکومت پر اعتماد شفافیت اور کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ایم کیو ایم اب صرف بیانات کی حد تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، ایم کیو ایم اب ایک مردہ سیاسی گھوڑا ہے، جس کا جنازہ کراچی کے عوام نکال چکے۔

انہوں نے کہا کہ جاگیرداری کا طعنہ دینے والے خود سیاسی آقاؤں کے اشاروں پر ناچنے والے کٹھ پتلیاں ہیں، سندھ کے عوام کا مستقبل پیپلز پارٹی کے وژن اور قیادت سے وابستہ ہے، ایم کیو ایم کی سیاست اب سندھ کے باشعور عوام مستقل طور پر مسترد کرچکے، پیپلز پارٹی الزامات کا جواب ہمیشہ ریکارڈ ترقیاتی کاموں اور کارکردگی سے دیتی ہے، سندھ کا بجٹ عوام کی امانت ہے، کسی بھتا خور یا چائنا کٹنگ مافیا کی جاگیر نہیں۔



PNP

Comments are closed.