کراچی: بوہرہ برادری آج عیدالاضحی مذہبی جوش و ۔جذبے سے منا رہی ہے
2026 / 26may /
شہر قائد میں بوہرہ برادری آج عیدالاضحی مذہبی عقیدت، جوش و جذبے اور روایتی احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔ شہر بھر کی مساجد اور عبادت گاہوں میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے، جہاں ملکی سلامتی، امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

کراچی میں بوہرہ برادری کا مرکزی اجتماع صدر میں واقع طاہری مسجد میں منعقد ہوا، جہاں بڑی تعداد میں برادری کے افراد نے نمازِ عید ادا کی۔ نماز کے اختتام پر شرکاء نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی اور بھائی چارے اور محبت کے جذبات کا اظہار کیا۔
نمازِ عید کے اجتماعات صدر، پاکستان چوک، حیدری، بلوچ کالونی، نارتھ ناظم آباد اور شہر کے دیگر مختلف علاقوں میں بھی منعقد ہوئے، جہاں سیکیورٹی کے خصوصی اور سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
نمازِ عید کے بعد بوہرہ برادری کی جانب سے سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، جو عیدالاضحی کے تینوں دن جاری رہے گا۔ قربانی کے انتظامات اور دیگر انتظامی امور پہلے ہی مکمل کر لیے گئے تھے۔
عیدالاضحی کے موقع پر گھروں میں گوشت سے تیار کیے جانے والے خصوصی پکوانوں کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے، جبکہ عزیز و اقارب اور دوست احباب کے اعزاز میں دعوتوں کی تیاریاں بھی عروج پر ہیں، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں عید کی رونقیں نمایاں دکھائی دے رہی ہیں۔