تہران (ویب ڈیسک) 29 مئی 2026
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک کے تمام طبقات سے قومی اتحاد اور یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن فوجی میدان میں ناکامی کے بعد ایرانی قوم کو کمزور کرنے اور اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے لیے داخلی انتشار اور اختلافات کو ہوا دینا چاہتا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے نئے اجلاس کے افتتاح کے موقع پر اپنے تحریری پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ جنگ، معاشی دباؤ، پروپیگنڈے اور مختلف نوعیت کی پابندیوں کے باوجود دشمن اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، لہٰذا اب وہ معاشرے میں تقسیم اور بدامنی پیدا کرکے اپنے عزائم کی تکمیل کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے عیدالاضحیٰ اور پارلیمنٹ کے نئے سیشن کے آغاز پر ایرانی عوام، اراکین پارلیمنٹ اور حکومتی عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی، جبکہ اسپیکر محمد باقر قالیباف کی ملکی ترقی اور استحکام کے لیے خدمات کو بھی سراہا۔
سپریم لیڈر نے حالیہ علاقائی صورتحال اور ایران پر ہونے والے حملوں کے تناظر میں کہا کہ ایرانی قوم نے اپنے طرزِ عمل، استقامت اور قومی وفاداری کے ذریعے دوستوں اور مخالفین دونوں پر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہر قسم کے دباؤ کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، یکجہتی اور باہمی ہم آہنگی اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کے بنیادی ستون ہیں اور یہی عناصر دشمن کے خلاف کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے خبردار کیا کہ دشمن ایران کی قومی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے معاشرے میں اختلافات اور انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے دانشوروں، سیاسی رہنماؤں، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر بااثر طبقات پر زور دیا کہ وہ قومی وحدت کے فروغ اور اتحاد کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اختلافِ رائے کو تنازع اور تقسیم کا سبب نہیں بننا چاہیے، بلکہ تمام قومی معاملات میں اتحاد، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دیا جانا چاہیے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر سپریم لیڈر نے اراکین پارلیمنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسی قوم کی نمائندگی کرنا جو بیرونی جارحیت کے مقابلے میں ثابت قدم رہی اور تاریخ کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایک بڑی اور اہم ذمہ داری ہے۔