عید کے تیسرے دن عوام کے لیے بڑا ریلیف، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی
مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے ریلیف، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم
29 مئی /2026
لاہور (ویب ڈیسک): وفاقی حکومت نے عید کے تیسرے دن عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کے تحت پٹرول 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی معاشی گنجائش پیدا ہوگی، انہیں ریلیف فراہم کیا جائے گا، اور حکومت نے اپنے اس وعدے پر مکمل عمل کیا ہے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ ہفتے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو سہولت فراہم کی گئی تھی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوامی ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا اور پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے ایندھن پر سبسڈی فراہم کی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے کے بعض ممالک میں ایندھن کی قلت اور طویل قطاروں کے باوجود پاکستان میں بروقت حکومتی اقدامات کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی گئی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق عالمی سطح پر تیل کے شدید بحران اور قیمتوں میں اضافے کے دوران بھی حکومت نے 130 روپے سے زائد فی لیٹر سبسڈی فراہم کر کے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کی کوشش کی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم رکھا۔