سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئربیس پر حملے کی خبریں بے بنیاد قرار
اسلام آباد (پی این پی) سعودی وزارت دفاع نے پرنس سلطان ایئربیس پر کسی بھی حملے کی خبروں کو بے بنیاد اور حقیقت کے منافی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بیان میں کہا کہ الخرج گورنری میں واقع پرنس سلطان ایئربیس کو نشانہ بنائے جانے کی خبریں درست نہیں ہیں اور عوام کو غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے وضاحت کی کہ الخرج میں آج صبح بجنے والے فضائی خطرے کے سائرن محض حفاظتی اقدامات کے تحت فعال کیے گئے تھے۔ وزارت دفاع کے مطابق یمن کی جانب سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کی اطلاع ملنے پر احتیاطی طور پر وارننگ سسٹم استعمال کیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ میزائل سرحدی علاقے کے قریب ریڈار سے اوجھل ہوگیا تھا،
جس کے بعد اس کی نوعیت اور راستے کے تعین کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی سول ڈیفنس نے بھی الخرج میں نیشنل ایمرجنسی الرٹ سسٹم کے تحت سائرن بجنے کی تصدیق کی تھی، تاہم بعد ازاں صورتحال معمول پر آنے پر الرٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔سول ڈیفنس کی جانب سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ رہنما اصولوں پر عمل کریں، افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی مقام پر غیر ضروری طور پر جمع نہ ہوں۔
PNP
Comments are closed.